ایف آئی اے فیصل آباد زون نے بیرون ملک پرکشش ملازمتوں کے سونا دکھا کر پاکستانی لڑکیوں کو انسانی تسکر (ہیومن ٹریفکنگ) اور غیر قانونی سرگرمیوں میں دھکیلنے والے ایک منظم بین الاقوامی گینگ کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

مخبر کی اطلاع پر ایس ایچ او اجمل حسین کی سربراہی میں ایف آئی اے کی ٹیم نے تاندلیانوالہ کے علاقے فیصل ٹاؤن میں چھاپہ مار کر اورنگزیب رانجھا نامی ملزم کو حراست میں لیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم ایک منظم گینگ کا فعال رکن ہے جو اپنے دیگر ساتھیوں بابر، عرفان اور تنویر کے ساتھ مل کر لڑکیوں کو دبئی منتقل کرنے کا سارا سیٹ اپ چلا رہا تھا۔

ملازمت کے نام پر دھوکہ اور بلیک میلنگ

ایف آئی اے کے مطابق یہ گروہ نادار لڑکیوں کو دبئی میں بہتر روزگار اور روشن مستقبل کا جھانسہ دے کر بیرون ملک بھیجتا تھا۔ تاہم، دبئی پہنچتے ہی لڑکیوں کی سفری دستاویزات اور پاسپورٹ ضبط کر لیے جاتے اور انہیں زبردستی غیر قانونی کاموں اور جنسی استحصال کے نیٹ ورک میں دھکیل دیا جاتا۔ اس طریقہ کار کے تحت یہ گینگ اب تک متعدد پاکستانی لڑکیوں کو بیرون ملک پہنچا کر ان کا استحصال کر چکا ہے۔

شواہد کی برآمدگی اور قانونی کارروائی

تاندلیانوالہ میں کی گئی اس کارروائی کے دوران ایف آئی اے ٹیم نے متاثرہ لڑکیوں کے 3 پاکستانی پاسپورٹ اور 2 موبائل فونز برآمد کیے ہیں، جن میں پاسپورٹ، ویزوں اور فضائی ٹکٹوں کی تصاویر سمیت دیگر قابلِ اعتراض مواد موجود ہے۔

ملزم کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ 1974ء اور پریوینشن آف ہیومن ٹریفکنگ ایکٹ 2018ء کی سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور دبئی میں موجود ملزم کے دیگر ساتھیوں اور ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔