YouTube has tightened its AI video policy to reduce spam and low-quality AI-generated content.

یوٹیوب نے اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز پر پالیسی مزید سخت کر دی

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کی جانے والی ویڈیوز سے متعلق اپنی پالیسیوں کو مزید واضح اور سخت کر دیا ہے تاکہ غیر معیاری، بار بار دہرائے جانے والے اور اسپام نوعیت کے مواد کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ قوانین مکمل طور پر نئے نہیں ہیں، تاہم انہیں زیادہ واضح انداز میں پیش کیا گیا ہے تاکہ تخلیق کاروں کو معلوم ہو سکے کہ کس قسم کا AI مواد آمدنی کے لیے اہل ہوگا اور کون سا نہیں۔ یوٹیوب کے مطابق نئی وضاحت کا مقصد ایسے ویڈیوز کی نشاندہی کرنا ہے جن میں ایک ہی مواد کو بار بار دہرایا جاتا ہے یا جو صرف ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے تیار کیے جاتے ہیں۔
یوٹیوب نے کہا کہ اس نوعیت کی بعض ویڈیوز پلیٹ فارم پر موجود رہ سکتی ہیں، تاہم انہیں مونیٹائز نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی انہیں صارفین کے لیے تجویز (Recommend) کیا جائے گا۔ کمپنی کے مطابق تخلیق کاروں کو ویڈیوز کے معیار، تناظر اور اصل مواد پر زیادہ توجہ دینا ہوگی۔

کمپنی نے مزید کہا کہ اس کا مقصد مفید اور تخلیقی انداز میں تیار کیے گئے AI مواد کو اسپام ویڈیوز سے الگ کرنا ہے۔ یوٹیوب کے مطابق AI ٹولز کا استعمال قابل قبول ہے، لیکن صرف خودکار طریقے سے بڑی تعداد میں کم معیار کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنا پالیسیوں کے مطابق نہیں ہوگا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی اپ ڈیٹ بنیادی طور پر موجودہ قواعد کی بہتر وضاحت ہے اور اس کا مقصد تخلیق کاروں کو اچانک کسی کریک ڈاؤن کا سامنا کرانے کے بجائے انہیں واضح رہنمائی فراہم کرنا ہے۔