WhatsApp Web displaying a PDF document with Adobe Acrobat integration.

واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ایپ کے لیے نیا فیچر متعارف، پی ڈی ایف فائلیں ڈاؤن لوڈ کیے بغیر دیکھی جا سکیں گی

میٹا نے واٹس ایپ کے ویب ورژن اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب پی ڈی ایف فائلوں کو ڈاؤن لوڈ کیے بغیر براہ راست چیٹ کے اندر ہی دیکھ سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اس مقصد کے لیے واٹس ایپ میں اڈوب ایکروبیٹ کی سپورٹ شامل کی گئی ہے، جس سے صارفین کو دستاویزات کھولنے کے لیے پہلے انہیں ڈیوائس میں محفوظ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اس نئی سہولت کے ذریعے صارفین نہ صرف پی ڈی ایف فائلوں کا فوری جائزہ لے سکیں گے بلکہ انہیں ہائی لائٹ کرنے، نوٹس شامل کرنے (Annotate) اور دیگر بنیادی ایڈیٹنگ فیچرز بھی استعمال کر سکیں گے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ یہ فیچر اڈوب کے ساتھ شراکت داری کے تحت تیار کیا گیا ہے اور اسے دنیا بھر میں واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ڈیسک ٹاپ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے جاری کر دیا گیا ہے۔

کمپنی کے مطابق واٹس ایپ کے دنیا بھر میں 3 ارب سے زائد صارفین ہیں، جن میں بڑی تعداد روزانہ دستاویزات کا تبادلہ کرتی ہے۔ نئے فیچر کا مقصد ایسے صارفین کے لیے دستاویزات تک رسائی کو مزید آسان بنانا ہے، جبکہ چیٹس میں موجود پی ڈی ایف فائلوں کو بدستور اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل رہے گا۔

میٹا نے اس کے ساتھ واٹس ایپ میں مزید نئی سہولیات بھی متعارف کرائی ہیں، جن میں آئی پیڈ پر براہ راست نیا واٹس ایپ اکاؤنٹ بنانے کی سہولت، کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے لیے ری ڈیزائن انٹرفیس، اور واٹس ایپ اسٹیٹس میں مختلف میوزک سروسز سے گانے براہ راست شیئر کرنے کا فیچر بھی شامل ہے۔