Pakistan batter Abdullah Fazal during a training session before the Test series.

انجری کے باعث عبداللہ فضل ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر عبداللہ فضل کمر کی انجری کے باعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں ٹرافی کی رونمائی کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور ویسٹ انڈیز کے کپتان روسٹن چیز نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

تقریب کے بعد قومی ٹیم نے وارم اپ اور فیلڈنگ سیشن میں حصہ لیا، تاہم ٹریننگ کے دوران عبداللہ فضل کمر کے نچلے حصے میں انجری کا شکار ہو گئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے طبی عملے کے مطابق ایم آر آئی اور دیگر طبی معائنے کے بعد عبداللہ فضل کو ری ہیبلیٹیشن پروگرام سے گزرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے باعث وہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 25 جولائی سے برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں کھیلا جائے گا، جبکہ عبداللہ فضل کی عدم دستیابی ٹیم کے لیے اہم دھچکا سمجھی جا رہی ہے۔