ممبئی میں ایک سرکاری تقریب کے دوران بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی تازہ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کی صحت سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان نے حال ہی میں سلم ری ہیبیلی ٹیشن اتھارٹی (SRA) کی جانب سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ادارے کے نئے ڈیٹا کلیکشن اینڈ ویریفکیشن سپورٹ سینٹر (آئی ٹی سرور روم) کا افتتاح کیا۔
تقریب کے دوران سامنے آنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں سلمان خان معمول کے مقابلے میں کمزور دکھائی دیے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی صحت کے حوالے سے مختلف تبصرے سامنے آنے لگے۔
مداحوں نے وائرل ویڈیوز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اداکار کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ متعدد صارفین نے امید ظاہر کی کہ سلمان خان مکمل طور پر صحت مند ہوں گے، جبکہ کچھ نے ان کی ظاہری حالت پر سوالات بھی اٹھائے۔
تاہم سلمان خان یا ان کی ٹیم کی جانب سے تاحال ان کی صحت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، جس کے باعث سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔









