A Saudi oil tanker in the Red Sea following a reported Houthi attack.

حوثیوں کا سعودی عرب کے 2 آئل ٹینکرز پر حملے کا دعویٰ

یمن کی حوثی تحریک انصاراللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحیرہ احمر میں سعودی عرب کے دو آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا ہے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ دونوں ٹینکرز نے اس کی جانب سے اعلان کردہ بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی تھی۔

انصاراللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کارروائی ان بحری جہازوں کے خلاف کی گئی جو گروپ کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کے باوجود اپنی منزل کی جانب گامزن تھے۔

دوسری جانب سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بحیرہ احمر میں سفر کے دوران سعودی ملکیت کے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کے اگلے حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم عملے کے تمام افراد محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اس سے قبل برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بھی اطلاع دی تھی کہ سعودی عرب کے ساحلی شہر الشقیق سے تقریباً 70 ناٹیکل میل دور ایک جہاز میں آگ لگ گئی ہے۔ ٹینکر کے کپتان کے مطابق آگ میزائل لگنے کے باعث بھڑکی، تاہم واقعے کے نتیجے میں کسی ماحولیاتی نقصان کی بھی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل حوثی تحریک نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔ انصاراللہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام یمن پر عائد محاصرے، خصوصاً صنعا ایئرپورٹ کی بندش، کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔ ان کے بقول اگر یمن کے لیے راستے بند کیے جائیں گے تو اس کا جواب بھی اسی نوعیت کے اقدامات سے دیا جائے گا۔