Bollywood actor Naseeruddin Shah reacts to police action against student protesters in New Delhi.

نصیرالدین شاہ نے نئی دہلی میں طلبہ پر پولیس کارروائی کی مذمت کر دی

بالی وڈ کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ نے نئی دہلی میں طلبہ کے احتجاج کے دوران پولیس کی کارروائی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے مظاہرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں نصیرالدین شاہ نے کہا کہ طلبہ کے خلاف طاقت کے استعمال کی تصاویر دیکھ کر وہ شدید غم و غصے میں ہیں۔ انہوں نے دہلی پولیس اہلکاروں کا موازنہ امریکی امیگریشن ادارے (ICE) کے اہلکاروں سے کرتے ہوئے کہا کہ نقاب پوش اہلکاروں کی جانب سے نوجوانوں پر لاٹھیاں برسانے کے مناظر انتہائی افسوسناک ہیں۔

اداکار نے اپنے پیغام میں حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نااہل شخص کے ہاتھ میں قیادت ہو تو وہ پورے معاشرے کو بھی اسی سوچ کی طرف لے جانا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں اور نوجوانوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک ناقابل قبول ہے اور طاقت استعمال کرنے والوں کو ایک دن اپنے اقدامات کا جواب دینا ہوگا۔

نصیرالدین شاہ نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ حوصلہ نہ ہاریں، کیونکہ بہت سے لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات کو تاریخ یاد رکھتی ہے اور عوام بھی انہیں فراموش نہیں کرتے۔

واضح رہے کہ نئی دہلی میں طلبہ کی جانب سے احتجاجی مارچ کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس کے بعد پولیس کی کارروائی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔ اس واقعے پر متعدد سیاسی رہنماؤں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں۔