پاکستان نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو دی جانے والی دھمکیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی حمایت کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے یا دھمکیاں دینا ناقابل قبول ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو لاحق کسی بھی خطرے کو قومی سلامتی کے خلاف خطرہ تصور کیا جائے گا اور پاکستان اپنے بحری مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اور قانونی اقدام کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان بحیرہ احمر میں جہاز رانی کی آزادی اور عالمی تجارت کے بلا تعطل تسلسل کو اہم سمجھتا ہے۔ ترجمان نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون کا احترام کریں، تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثی باغیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔ اس پیش رفت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر حوثیوں نے بحیرہ احمر میں ناکہ بندی کی دھمکی پر عمل کیا تو امریکا اس معاملے کا جواب دے گا۔









