بھارت میں طلبہ کی احتجاجی تحریک اور اس دوران مبینہ پولیس کارروائی پر بالی وڈ اور ساؤتھ فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے متعدد اداکاروں نے مختلف انداز میں ردِعمل کا اظہار کیا ہے، جہاں بعض فنکاروں نے مظاہرین کی حمایت کی، جبکہ کچھ نے پولیس کے کردار کو سراہا۔
سینئر اداکار پرکاش راج نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایسے مواقع پر خاموشی بھی ایک مؤقف بن جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی بااثر اداکار اپنی آواز عوام کے حق میں استعمال کر سکتے تھے، تاہم انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ پرکاش راج نے کہا کہ تاریخ صرف غلط فیصلوں کو ہی نہیں بلکہ خاموش رہنے والوں کو بھی یاد رکھتی ہے۔
اداکارہ پریتی زنٹا نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں طلبہ احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے سماجی کارکن سونم وانگچک سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے حکومت مظاہرین کے مطالبات پر سنجیدہ مذاکرات کا آغاز کرے گی۔ پریتی زنٹا کے مطابق طلبہ کی بہتر تعلیم اور مستقبل کے لیے جاری جدوجہد قابلِ حمایت ہے۔
اداکارہ سونم باجوہ نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ احتجاج کرنے والے نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی آواز سنی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے کا جواب طاقت کے استعمال سے نہیں بلکہ ہمدردی اور مکالمے سے دیا جانا چاہیے، جبکہ گزشتہ روز کے مناظر دیکھ کر ان کا دل ٹوٹ گیا۔
دوسری جانب اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے احتجاج کے دوران دہلی پولیس کے کردار کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے اندر موجود ارکان کو صورتحال پر تشویش تھی، تاہم پولیس اہلکاروں نے خود خطرات کا سامنا کرتے ہوئے انہیں محفوظ رکھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں طلبہ کے احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے بعد متعدد ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس کے بعد سیاسی جماعتوں اور مختلف عوامی شخصیات کی جانب سے اس معاملے پر متضاد ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔ احتجاج کرنے والی تنظیم نے وزیر تعلیم کے استعفے تک اپنا دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔









