Donald Trump shared a survey showing majority support among Americans for an Iran-US peace agreement.

سروے میں 60 فیصد سے زائد امریکی ایران سے امن معاہدے کے حامی، ٹرمپ نے نتائج شیئر کر دیے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک سروے کے نتائج شیئر کیے ہیں، جن کے مطابق امریکا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی اکثریت ایران کے ساتھ امن معاہدے کی حمایت کرتی ہے۔

شیئر کیے گئے سروے کے مطابق 60 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز نے ایران سے جنگ کے خاتمے کے لیے کیے گئے معاہدے کی حمایت کی، جبکہ 23 فیصد نے اس کی مخالفت کی۔ سروے میں شامل 15 فیصد افراد نے اس معاملے پر کوئی رائے نہیں دی۔

اسی طرح ممکنہ ووٹرز (Likely Voters) میں 62 فیصد نے معاہدے کی حمایت، 24 فیصد نے مخالفت اور 13 فیصد نے کسی رائے کا اظہار نہیں کیا۔

سروے میں شرکا سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا وہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والے امن معاہدے کی حمایت کرتے ہیں یا اس کی مخالفت۔ سوال کی وضاحت میں بتایا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے ساتھ ایک مفاہمتی معاہدہ کیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی لانا ہے۔

سروے کی تفصیلات کے مطابق مجوزہ مفاہمت کے تحت آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے کھلا رکھنے، ایران پر عائد اقتصادی پابندیوں اور ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق مزید مذاکرات کے لیے دو ماہ کی مدت مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایران کی جانب سے جوہری ہتھیار نہ بنانے یا حاصل نہ کرنے کے عزم کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔