Spain celebrates after winning the FIFA World Cup 2026 as the team lifts the trophy during the championship ceremony.

فیفا رینکنگ: ورلڈ کپ فتح کے بعد اسپین پہلی پوزیشن پر، پاکستان 199ویں نمبر پر برقرار

ورلڈ کپ 2026 کی فاتح اسپین فیفا کی تازہ عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پر آ گئی ہے، جبکہ پاکستان 210 رکن ممالک میں 199ویں نمبر پر برقرار ہے۔ فیفا کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق اسپین نے ورلڈ کپ میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں اسے 121.17 پوائنٹس کا اضافہ ملا اور ٹیم دوسرے نمبر سے ترقی کرتے ہوئے عالمی درجہ بندی میں سرفہرست آ گئی۔ 2022 کی عالمی چیمپئن اور 2026 ورلڈ کپ کی رنر اپ ارجنٹائن ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئی، جبکہ فرانس تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر برقرار ہیں۔

برازیل ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 میں ناروے کے ہاتھوں شکست کے باوجود ایک درجہ بہتری کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر پہنچ گیا، جبکہ مراکش نے اپنی تاریخ کی بہترین عالمی رینکنگ حاصل کرتے ہوئے چھٹا نمبر حاصل کیا۔ پرتگال دو درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلا گیا، بیلجیئم آٹھویں، نیدرلینڈز نویں اور میکسیکو دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے والی تیونس کی ٹیم 12 درجے تنزلی کے بعد 57ویں نمبر پر پہنچ گئی، جبکہ گروپ مرحلے کے تمام میچز ہارنے والی پاناما کی ٹیم 44ویں نمبر پر رہی اور پوائنٹس کے اعتبار سے سب سے زیادہ نقصان اٹھانے والی ٹیم بھی ثابت ہوئی۔ ایشیائی ممالک میں ایران 22ویں، مصر 24ویں، بھارت 138ویں، ایتھوپیا 143ویں، افغانستان 177ویں، بنگلہ دیش 181ویں اور سری لنکا 187ویں نمبر پر ہیں۔

فیفا کی تازہ عالمی درجہ بندی میں پاکستان 199ویں نمبر پر برقرار ہے، جبکہ یورپ کی چھوٹی ریاست سان مارینو فہرست کے آخری، یعنی 210ویں نمبر پر موجود ہے۔