لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق، 3 زخمی

پشاور(مشال ڈیجیٹل نیوز ڈسک) خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے علاقے میدان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک رہائشی مکان کی چھت اچانک گرنے سے ایک بچی سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ ریسکیو ٹیموں کو بھی خاصی محنت کرنا پڑی۔

ریسکیو حکام کے مطابق اس سانحے میں 3 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمیوں کی حالت کے بارے میں اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دو کی حالت تشویش ناک ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مکان کی چھت گرنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، تاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مکان پرانا اور خستہ حال تھا، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آ سکتا ہے۔ پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر موجود ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں