اسلام آباد (مشال ڈیجیٹل نیوز ڈسک) 14 اگست 2025 — پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ 20 اگست کو کابل میں اہم سہ فریقی اجلاس منعقد کریں گے جس میں خطے کی سکیورٹی، اقتصادی تعاون اور پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی افغانستان تک توسیع پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔ اجلاس میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی، پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی شریک ہوں گے۔ اجلاس کے بعد چینی وزیر خارجہ اگلے روز پاکستان کا دورہ کریں گے۔
یہ اجلاس مئی 2025 میں بیجنگ میں ہونے والی غیر رسمی سہ فریقی ملاقات کے تسلسل میں منعقد ہو رہا ہے، جہاں تینوں ممالک نے سیاسی اعتماد کو بڑھانے، دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے اور افغانستان و پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے اقدامات پر اتفاق کیا تھا۔ اس موقع پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تحت افغانستان کو سی پیک میں شامل کرنے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تجارت کے فروغ اور خطے میں استحکام قائم رکھنے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔
مبصرین کے مطابق اس اجلاس سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی، سفیروں کے تبادلے، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اور خطے میں اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کی راہ ہموار ہونے کا امکان ہے۔